![]() |
Kashmir day |
پانچ اگست پاکستان اور کشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا جائے گا ۔ اس سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول کمیٹی کا اجلاس آج اسلام
آباد میں ہوا۔
جنت نظیر وادئ کشمیر عرصہ 70 سال سے بھارت کے غاصبانہ قبضے میں ہے۔حریت پسند کشمیری آج تک آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور آزادی کے حصول تک اس جہاد کو جاری رکھیں گے ۔لاکھوں شہیدوں کا خون بہنوں کی عصمتیں اور بیویوں کے اجڑے سہاگ بس ایک مقصد آزادی کے منتظر ہیں ۔ جب جب ظالم بھارتی افواج نے آزادی کے اس جذبے کو بربریت اور ظلم سے دبانا چاہا آزادی کی امنگ اسی جوش وجذبے سے ابھری
یہ بازی خون کی بازی ہے
یہ بازی تم ہی ہارو گے
ہر گھر سے مجاہدنکلے گا
تم کتنے مجاہد مارو گے
ظلم و ستم کی یہ داستان جنت نظیر وادئ کشمیر کی سر زمین کو لہو سے رنگ رہی ہے مگر کسی بھی طور جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتی۔
پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت دنیا کے ہر فورم پر پاکستان نے کشمیر کی آواز کو اٹھایا ہے ۔5فروری پاکستان بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جاتا ہے اور 5 اگست یوم استحصال کشمیر کے طور پر منایا جائے گا ۔اس سلسلے میں لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے ۔
حال ہی میں کشمیر سے یکجہتی کے اظہار کے طور پر اسلام آباد میں پہلے سے موجود کشمیر ہائی وے کا نام اب سری نگر ہائی وے رکھ دیا گیا ہے جس سے بھارت میں کھلبلی مچ گئی ہے ۔کل 5 اگست یوم استحصال کشمیر کے موقع پر مارچ اور سیمینارز کا اہتمام بھی کیا جائے گا ۔
پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے لیے ہمیشہ سے دیدہ و دل فرش راہ کیے ہوئے ہیں ، کشمیریوں کا درد ہر پاکستانی اپنے دل میں محسوس کرتا ہے اور دعاگو ہے کہ ھمارے مظلوم بھائیوں کو آزادی کی نعمت نصیب ہو ۔کشمیر زمین پر جنت کا ایک ٹکڑا ہے جسے بھارت طاقت اور ظلم وجبر سے چھیننا چاہتا ہے ، کبھی جبری لاک ڈاون کبھی محاصرے اور کبھی گھر گھر تلاشی کے نام پر قتل وغارت کا بازار گرم کیے رکھتا ہے، مگر اسے نہیں معلوم کہ جنت کسی کافر کا نصیب نہیں ہوسکتی۔
یاران جہاں کہتے ہیں کشمیر ہے جنت
جنت کسی کافر کو ملی ہے نہ ملے گی
اقوام عالم کی مجرمانہ خاموشی نہ جانے کب ٹوٹے گی کب کشمیر وفلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر چھائی ظلم و ستم کی اندھیری رات کا سویرا ہو گا ۔ ہر پاکستانی اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی دعا ہے کہ اللہ پاک کشمیر کو آزادی کی نعمت سے نوازے اور ہماری طرح کشمیر یو ں کو بھی اپنے آزاد وطن کی فضا میں سانس لینا نصیب ہو ۔آمین
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں